خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں بکری چوری کے معاملے پر ہونے والی تلخ کلامی کے بعد فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ماما خیل نظام پور کے رہائشی ارمان توحید اللہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ نے پولیس کو بیان دیا کہ دو روز قبل ان کے بکرے چوری ہو گئے تھے اور تلاش کے دوران معلوم ہوا کہ بکری گاؤں شوانگے کے رہائشی مطہر شاہ مثل خان نے چوری کی ہے۔
ارمان توحید اللہ کے مطابق وہ اپنے بھائی معین، رحیم شاہ اور خائستہ رحمان کے ہمراہ شوانگے کے مین چوک گئے جہاں مطہر شاہ اپنے ساتھی نہار علی کے ساتھ موجود تھا۔ چوری کے بارے میں استفسار کرنے پر ملزمان مشتعل ہو گئے اور ہاتھا پائی کے بعد دونوں نے کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کی زد میں آ کرجمشید خان اور مدعی کا بھائی معین موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ارمان اور خائستہ رحمان معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں: خودکش بمبار سمیت فتنہ الہندوستان کے 8 کارندے جہنم واصل، میجر عمر منہاس اور حوالدار عدنان نے جام شہادت نوش کر لیا
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ چوری شدہ مویشیوں کے معاملے پر وقتی تکرار کے باعث پیش آیاجبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔





