وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور انتظامی معاملات میں مزید بہتری لانے کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی کے اختیارات میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ایک نیا صدارتی آرڈیننس جاری کرنے کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صوبے میں ہنگامی یا ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے گورنر کو حاصل اختیارات میں اضافے سے متعلق مجوزہ آرڈیننس کی سمری صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھجوا دی ہے۔
توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت جلد اس آرڈیننس کی منظوری دیتے ہوئے اس کا باقاعدہ اجرا کر دیں گے۔
مجوزہ آرڈیننس کے مسودے کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت میں گورنر کو ماضی کے مقابلے میں زیادہ وسیع انتظامی اور قانونی اختیارات حاصل ہوں گے۔
حکومتی حلقوں کے بقول اس اقدام کا بنیادی مقصد ہنگامی حالات کے دوران صوبے میں فوری فیصلوں اور مو¿ثر حکومتی رٹ کو یقینی بنانا ہے۔
اس مجوزہ قانونی اقدام کا ایک اہم حصہ خیبرپختونخوا کے 12 خصوصی اضلاع سے بھی متعلق ہے جہاں گورنر فیصل کریم کنڈی کے انتظامی اختیارات میں اضافے کی تجویز شامل کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے ذریعے ان مخصوص اضلاع میں انتظامی امور اور امن و امان کے قیام کے لیے گورنر کے کردار کو مزید فعال اور وسعت دی جائے گی۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس مجوزہ آرڈیننس کے اجرا کی آئینی ضرورت کے پیش نظر قومی اسمبلی کے اجلاس کا شیڈول بھی تبدیل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : محمود مرکز بچانے کا ناٹک ناکام، خیبر پختونخوا کے غیرت مند عوام نے فضل الرحمان کی احتجاجی کال یکسر مسترد کر دی
آئینی تقاضوں کے تحت قومی اسمبلی کا اجلاس طلب ہونے کے بعد صدارتی آرڈیننس کے اجرا میں قانونی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے، جس کے باعث اجلاس کو دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے تاکہ قانون سازی کا یہ عمل مکمل کیا جا سکے۔
سیاسی و انتظامی حلقوں میں وفاقی حکومت کے اس فیصلے کو صوبے میں گورنر کے آئینی کردار کو مضبوط بنانے کی ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔





