پی ٹی آئی کے اہم رہنما، سرکاری افسران اور دہشت گرد کمانڈرز کا مبینہ گٹھ جوڑ بے نقاب، اختیار ولی نے سب مکروہ چہرے بے نقاب کر دئے!

وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی نے خیبر پختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی سے متعلق سنگین نوعیت کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس غیر قانونی سرگرمی اور دہشت گردی کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ صوبے کے امن و امان کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

نوشہرہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اختیار ولی کا کہنا تھا کہ کوہاٹ کے علاقے میں تقریباً دو ہزار ایکس کاویٹر مشینوں کے ذریعے سونے کی غیر قانونی کان کنی کا سلسلہ جاری رہا اور اس عمل سے حاصل ہونے والے سونے کا تقریباً 80 فیصد حصہ غیر قانونی طور پر افغانستان منتقل کیا جاتا رہا۔

وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر نے دعویٰ کیا کہ اس غیر قانونی نیٹ ورک کو ماضی میں سیاسی سرپرستی اور سرکاری اہلکاروں کی مبینہ معاونت حاصل رہی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے سابق صوبائی وزیر آفتاب عالم، شہریار آفریدی اور خرم ذیشان سمیت متعدد سیاسی شخصیات پر الزام عائد کیا کہ اس معاملے میں ان کے نام سامنے آئے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے متعلقہ شخصیات یا سابق صوبائی حکومت کا مو¿قف فوری طور پر سامنے نہیں آ سکا ہے۔

اختیار ولی نے مزید الزام عائد کیا کہ اس نیٹ ورک میں مبینہ طور پر مسلح گروہوں اور دہشت گرد کمانڈروں کو بھی شامل کیا گیا تھا جبکہ کان کنوں سے ماہانہ لاکھوں روپے وصول کیے جاتے رہے۔

ان کے بقول اس تمام تر سرگرمی سے حاصل ہونے والی خطیر آمدن نہ تو صوبے کے عوام پر خرچ ہوئی اور نہ ہی قومی خزانے میں جمع کرائی گئی۔

موجودہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے اختیار ولی نے واضح کیا کہ غیر قانونی کان کنی میں استعمال ہونے والی مشینری کو ہٹانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے، بصورت دیگر اسے ضبط یا تلف کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امن جیت گیا، انتشار ہار گیا، خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں بازاروں کی رونقیں بحال، کاروبارعروج پر اور کھیل کے میدان آباد

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں مبینہ طور پر ملوث سرکاری افسران اور پولیس اہلکاروں کے کردار سے متعلق معلومات اکٹھی کر لی گئی ہیں اور آئندہ دو سے تین ہفتوں میں حتمی لائحہ عمل طے کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس بھی قائم کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top