کاغذی جادوگری کا گھناؤنا کھیل ختم، فضل الرحمان کے دستِ راست مفتی ابرار نے کرپشن اور ہیرا پھیری کے تمام ریکارڈ توڑ دیے

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے قریبی ساتھی اور مبینہ فرنٹ مین مفتی ابرار کے پانچ سالہ ویلتھ اسٹیٹمنٹ کے حوالے سے سامنے آنے والی دستاویزات اور انکشافات نے مالیاتی شفافیت اور اثاثوں کی اصل مالیت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ 

سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق مفتی ابرار کی جانب سے جمع کرائے گئے پانچ سالہ گوشواروں میں متعدد قیمتی جائیدادوں کی مالیت پانچ سال گزرنے کے باوجود جوں کی توں برقرار دکھائی گئی ہے، جس پر یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ آخر ان جائیدادوں کی موجودہ مارکیٹ ویلیو کا تعین کس بنیاد پر کیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مہنگے ترین علاقوں سیکٹر E-11، گلبرگ گرینز اور مارگلہ روڈ پر متعدد کمرشل دکانوں اور اپارٹمنٹس کی مجموعی ڈیکلیئرڈ ویلیو صرف چند کروڑ روپے ظاہر کی گئی ہے، جس سے یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا یہ قیمتیں حقیقی مارکیٹ ویلیو کی عکاسی کرتی ہیں یا نہیں۔

 تفصیلات سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام آباد کے پراجیکٹ فارچون ایمپائر (Fortune Empire) سیکٹر E-11 میں دو اپارٹمنٹس کی مالیت سال 2021 سے 2024 تک مسلسل 50 لاکھ روپے ظاہر کی گئی، جبکہ اسی پراجیکٹ میں چھ کمرشل دکانوں کی مجموعی مالیت پانچ سال سے صرف 90 لاکھ روپے برقرار رکھی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ؛ جھیل سیف الملوک روڈ ہر قسم کی ٹریفک اور پیدل آمدورفت کے لیے بند

 اسی طرح گلبرگ گرینز اسلام آباد میں پانچ اپارٹمنٹس کی مجموعی مالیت محض 75 لاکھ روپے اور دو کمرشل دکانوں کی مالیت مسلسل 24 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے، جس پر ان جائیدادوں کی خریداری کی تاریخ، ملکیت اور موجودہ مارکیٹ قیمت کے ریکارڈ کے حوالے سے شدید تحفظات سامنے آ رہے ہیں۔

ریکارڈ کے جائزے سے مزید انکشاف ہوا ہے کہ سال 2022 سے 2024 کے دوران مجموعی طور پر ایک کروڑ 31 لاکھ روپے کے کیپٹل گین ظاہر کیے گئے، جن میں 2023 میں فارچون ریزیڈنسی (Fortune Residency) E-11 کے فلیٹ سے 55 لاکھ روپے اور 2024 میں فارچون ایمپائر E-11 کے دو فلیٹس سے 53 لاکھ روپے کا کیپٹل گین شامل ہے، تاہم ان فلیٹس کی اصل خریداری قیمت، فروخت کے معاہدوں اور خریداروں کی شناخت کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

مزید برآں سال 2025 کے اثاثوں کی فہرست میں فارچون ایمپائر کے وہ دو اپارٹمنٹس اچانک غائب ہو گئے جن کی مالیت پہلے 50 لاکھ روپے ظاہر کی جا رہی تھی۔

مالیاتی گوشواروں کے مطابق سال 2025 میں مفتی ابرار کی سالانہ تنخواہ 15 لاکھ 50 ہزار روپے اور دیگر ذرائع سے آمدن 7 لاکھ 50 ہزار روپے (مجموعی طور پر 23 لاکھ روپے) ظاہر کی گئی ہے، لیکن اسی سال ان کے دونوں بینک اکاؤنٹس میں مجموعی رقم ایک کروڑ ایک لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

 اعداد و شمار کے مطابق 2024 سے 2025 کے دوران دونوں بینک اکاؤنٹس اور نقد رقم میں مجموعی طور پر تقریباً 44 لاکھ 25 ہزار روپے کا اضافہ ہوا، جو عین اسی وقت ہوا جب 50 لاکھ روپے مالیت کے دو اپارٹمنٹس اثاثوں کی فہرست سے غائب ہوئے۔

 اس صورتحال میں یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ آیا غائب ہونے والے اپارٹمنٹس فروخت کر کے رقم ان اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی یا بینک بیلنس میں اضافے کا کوئی اور ذریعہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دعویٰ ایک لاکھ کا اور میدان میں 20 افراد بھی نہیں، کرک میں فضل الرحمان کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے

دستاویزات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سال 2023 میں 60 لاکھ روپے کی خطیر رقم بطور تحفہ (آؤٹ فلو) ظاہر کی گئی، تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ تحفہ کس شخص کو، کس ذریعے سے دیا گیا اور اس رقم کا اصل ذریعہ اور دستاویزی تصدیق کہاں ہے۔

 علاوہ ازیں ایک کروڑ 42 لاکھ 10 ہزار 250 روپے مالیت کی 8.04 کنال زرعی زمین کو ایک نابالغ اظہار احمد خان کے نام پر درج کیا گیا ہے، جس پر اس زمین کی اصل مالیاتی ملکیت، فنڈنگ اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں شمولیت کی قانونی بنیاد پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

 اسی طرح مانسہرہ کے گاؤں احل میں واقع زمین کی مالیت پانچ سال سے 10 لاکھ روپے اور گوادر میں 3.050 کنال زرعی زمین کی مالیت بھی پانچ سال سے ساڑھے سات لاکھ روپے برقرار دکھائی گئی ہے، جن کی خریداری کی تاریخ، ادائیگی اور موجودہ حقیقی مالیت کی تصدیق کے حوالے سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

Scroll to Top