وفاقی آئینی عدالت کی اہم وضاحت، پشاور ہائیکورٹ کو معمول کے مقدمات سننے کی اجازت، گورنر راج اور تھری ایم پی او کیسز پر حکم امتناع برقرار

کامران علی شاہ

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار سے متعلق ایک اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ہائیکورٹ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت معمول کے دیگر تمام مقدمات کی سماعت جاری رکھ سکتی ہے، تاہم گورنر راج اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے خلاف تھری ایم پی او کے تحت کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق معاملات پر 5 نومبر کے حکم امتناع کی پابند رہے گی۔

 عدالتی فیصلے کے مطابق اس حکم سے پشاور ہائیکورٹ کے عمومی عدالتی امور اور دیگر آئینی درخواستوں کی سماعت کا راستہ دوبارہ کھل گیا ہے۔

چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں وفاقی آئینی عدالت کے دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے گورنر راج اور تھری ایم پی او سے متعلق مقدمات میں پشاور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار پر عائد پابندی کے حوالے سے اپنے 5 نومبر کے سابقہ حکم میں ترمیم کرتے ہوئے اس کا دائرہ کار محدود کر دیا۔

 عدالت نے واضح کیا کہ سابقہ حکم کا اطلاق آرٹیکل 199 کے تحت دائر کیے گئے تمام مقدمات پر نہیں ہوتا بلکہ یہ پابندی صرف مخصوص معاملات یعنی گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق کیسز تک محدود تھی۔

سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے حکم کے نتیجے میں پشاور ہائیکورٹ کی عمومی عدالتی کارروائیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور اس صورتحال کے باعث وکلاء برادری کی پیشہ ورانہ پریکٹس بھی رک کر رہ گئی ہے۔ ان کے مطابق اس حکم کی وجہ سے پیدا ہونے والے ابہام نے ہائیکورٹ کے معمول کے عدالتی نظام کو متاثر کیا۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور شہباز شریف کا عالمی سطح پر بڑا اعزاز، مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات میں نام آنے پر پختونخوا میں جشن

اس موقع پر بینچ کے رکن جسٹس عامر فاروق نے آئین کے آرٹیکل 245 اور آرٹیکل 199 کے باہمی تعلق پر اہم ریمارکس دیے۔

جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 245 کی سادہ تشریح کے مطابق تو آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات نہیں سنے جا سکتے، تاہم اگر اس سادہ تشریح کو ہی بنیاد بنا لیا جائے تو ملک کا پورا عدالتی نظام جام ہو کر رہ جائے گا۔ عدالتی ریمارکس نے اس معاملے میں آئینی تشریح اور عدالتی اختیارات کی حدود کو مزید اہمیت دے دی ہے۔

مزید برآں وفاقی آئینی عدالت نے پشاور بار کونسل کی جانب سے مقدمے میں فریق بننے کی درخواست بھی منظور کر لی، جس کے بعد آئندہ سماعتوں میں اس اہم آئینی معاملے پر وکلاء برادری کا مؤقف بھی باضابطہ طور پر ریکارڈ پر آ سکے گا۔

قانونی حلقوں کے مطابق عدالت کی جانب سے 5 نومبر کے حکم میں کی گئی یہ ترمیم ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے ذریعے ایک طرف عدالت نے حساس نوعیت کے مخصوص مقدمات یعنی گورنر راج اور تھری ایم پی او پر اپنا سابقہ حکم امتناع برقرار رکھا ہے تو دوسری طرف پشاور ہائیکورٹ کے معمول کے عدالتی کام اور سائلین کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اختیارات کی حدود کو واضح کر دیا ہے۔

Scroll to Top