سہیل آفریدی کے اقارب اور فرنٹ مینوں کی غیر قانونی گولڈ مائننگ اور دہشتگردوں سے گٹھ جوڑ کا ہولناک سچ فاش، ثمر بلور کے بڑے انکشافات

پشاور: خیبر پختونخوا میں اربوں روپے مالیت کے قومی وسائل کی تاریکیوں میں ہونے والی لوٹ مار اور اس کمائی کے براہِ راست دہشتگردوں تک پہنچنے کا بھیانک کھیل بے نقاب ہو گیا ہے۔ 

 مشیر برائے اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے ایک دھماکہ خیز انکشاف میں سیاسی شخصیات، سرکاری مشینری اور کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے درمیان قائم اس مکروہ گٹھ جوڑ کے تمام پردے چاک کر دیے ہیں۔

نیب پابندی کے باوجود اربوں روپے کے سونے کی غیر قانونی لوٹ مار

ثمر ہارون بلور کے مطابق خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر پلیسر گولڈ (Placer Gold) کی غیر قانونی مائننگ کا سلسلہ جاری تھا، جس کی ویڈیوز منظرِ عام پر آنے کے بعد تمام حقائق پوری قوم کے سامنے آ گئے ہیں۔

 انہوں نے انکشاف کیا کہ 2024 میں چار ارب روپے کے گولڈ مائننگ کے ٹھیکے مبینہ طور پر بدنیتی کے تحت انتہائی کم قیمت پر دیے گئے تھے۔ اگرچہ 2025 میں نیب انکوائری کے تحت یہ ٹھیکے باضابطہ طور پر روک دیے گئے تھے، لیکن اس پابندی کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے غیر قانونی کھدائی کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔

یہ بھی پڑھیں : پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ سے نجی سرمایہ کاری میں اضافہ اور صوبے میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی، فیصل کریم کنڈی

انہوں نے بتایا کہ اس غیر قانونی آپریشن میں ہزاروں کی تعداد میں ایکسکیویٹرز، ڈمپرز اور دیگر بھاری مشینری استعمال کی جا رہی تھی، جبکہ آٹھ سے دس ہزار سے زائد مزدور یومیہ اجرت پر کام کر رہے تھے۔ مائننگ کے اس منظم نیٹ ورک کو چلانے کے لیے باقاعدہ انجینئرز اور خصوصی سیٹلائٹ فون سسٹم بھی قائم کیا گیا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچا جا سکے۔

سہیل آفریدی کے بھائیوں، وزراء اور سیاسی رہنماؤں کے نام بے نقاب

اس میگا اسکینڈل میں ملوث بااثر چہروں سے نقاب اٹھاتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے واضح کیا کہ سہیل آفریدی کے بھائیوں کے مبینہ فرنٹ مین، کزنز اور دیگر قریبی افراد کے اس لوٹ مار میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد سامنے آئے ہیں۔ اس فہرست میں سہیل آفریدی کے بھائی نوید آفریدی اور ہادی عرف پتنگ کے نام بھی شامل ہیں۔

مزید برآں ایک ایم این اے، صوبائی وزیر آفتاب عالم اور ایک سینیٹر کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بعض رہنماؤں کے نام بھی سامنے آ رہے ہیں۔

 ثمر بلور نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس غیر قانونی مائننگ کو تحفظ دینے میں مقامی انتظامیہ، پولیس اور بیوروکریسی کے بعض کالی بھیڑوں کے ملوث ہونے کے سنگین الزامات موجود ہیں، اور اب کوہاٹ کے بعد نوشہرہ سے بھی اسی طرز کی غیر قانونی مائننگ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

گورنر کے پی کا آہنی ایکشن؛ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل

ثمر ہارون بلور نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ غیر قانونی مائننگ کے خلاف یہ کارروائی کسی سیاسی انتقام کے تحت نہیں کی جا رہی بلکہ یہ قومی خزانے کو بچانے کی جنگ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ مافیا کے خلاف کارروائی، پولیس پر حملہ کرنے والا دہشتگرد افغان شہری نکلا

گورنر خیبر پختونخوا کے باضابطہ حکم کے بعد گولڈ مائننگ کے تمام ٹھیکے مکمل طور پر معطل کر دیے گئے ہیں اور معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (JIT) تشکیل دے دی گئی ہے۔

اس جے آئی ٹی کی سربراہی ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کریں گے جبکہ قانون کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین اس کا حصہ ہوں گے۔

یہ کمیٹی ملوث عناصر کی نشاندہی اور ان کے خلاف قانونی الزامات کا تعین کر کے اپنی سفارشات گورنر اور ایڈوائزری کونسل کو پیش کرے گی تاکہ ان تمام کرداروں کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔

دہشتگردوں سے گٹھ جوڑ اور 10 شہید پولیس اہلکاروں کے خون کا حساب

اس اسکینڈل کے سب سے ہولناک پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے ثمر بلور نے بتایا کہ قوم کا پیسہ قوم کی ناک کے نیچے لوٹا جا رہا تھا اور انتہائی تشویشناک بات یہ ہے کہ قومی وسائل سے حاصل ہونے والی یہ رقم ہماری فورسز اور معصوم عوام کو شہید کرنے والے دہشتگرد عناصر تک پہنچ رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی اور امریکی حکمران آئیڈیل، عوام کے لیے درسِ شریعت، فضل الرحمان کا دوغلا پن اور موروثی سیاست کا دفاع بے نقاب

انہوں نے دس پولیس اہلکاروں کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی نے قبول کی تھی، جس کے بعد خیبر پختونخوا پولیس نے جوابی کارروائی میں پانچ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔

 ہلاک ہونے والے ان دہشتگردوں میں ایک افغان شہری بھی شامل تھا جو ٹی ٹی پی کے ایک بڑے کمانڈر کا چیف سکیورٹی گارڈ تھا، اور اس کی ٹی ٹی پی کمانڈر کے ساتھ تصاویر اور مختلف محاذوں پر بنائی گئی ویڈیوز بھی ریکارڈ پر موجود ہیں۔

ثمر ہارون بلور نے عزم ظاہر کیا کہ قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے پر ذمہ داروں کے خلاف کڑے مقدمات درج کرائے جائیں گے، جبکہ دس شہید پولیس اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ بھی اس غیر قانونی نیٹ ورک میں ملوث عناصر کے خلاف درج کرانے کا مطالبہ کیا جائے گا کیونکہ ریاست اپنے شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دے گی۔

Scroll to Top