جنگ کا نیا اور خطرناک موڑ: یوکرین کا روس پر تاریخ کا سب سے خوفناک فضائی حملہ، ماسکو کے گردونواح پر 600 ڈرونز کی یلغار

روس اور یوکرین کے درمیان جاری اعصاب شکن جنگ ایک نئے اور انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جہاں یوکرین نے 2022 میں جنگ کے آغاز کے بعد سے روس پر اب تک کا سب سے بڑا اور تباہ کن ڈرون حملہ کر دیا ہے۔

1300سے زائد ڈرونز کے اس غیر معمولی حملے نے نہ صرف روسی دارالحکومت ماسکو کو لرزا کر رکھ دیا بلکہ صدر پیوٹن کے انتہائی اہم اسٹریٹجک منصوبے ’کریمیا پل‘ اور متعدد آئل ریفائنریوں کو بھی نشانہ بنایا جس کے بعد روس کے مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اور روسی وزارتِ دفاع کے مطابق یوکرین کی جانب سے روس کے مختلف حصوں پر اب تک کی سب سے بڑی فضائی یلغار کی گئی ہے جس میں توانائی کی تنصیبات اور کلیدی انفراسٹرکچر کو خاص طور پر ہدف بنایا گیا۔

روسی وزارتِ دفاع کا دعویٰ ہے کہ اس کی فضائی دفاعی فورسز نے 16 مختلف خطوں میں کارروائی کرتے ہوئے 1336 یوکرینی ڈرونز کو مار گرایا جو گزشتہ ماہ 29 اکتوبر کو تباہ کیے گئے 1254 ڈرونز کا اپنا ہی ریکارڈ توڑتے ہوئے جنگ کا سب سے بڑا فضائی معرکہ ثابت ہوا ہے۔

ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے صورتحال کی سنگینی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کی شام سے روسی دارالحکومت کے مضافاتی علاقوں پر تقریباً 600 ڈرونز داغے گئے جن میں سے 191 کو فضائی دفاعی نظام نے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیا۔

اس کے علاوہ بحیرہ اسود کے جزیرہ نما کریمیا اور بحیرہ ازوف کی فضائی حدود میں بھی درجنوں ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا۔

حملے کا سب سے حساس ہدف وہ سڑک اور ریل پل رہا جو جزیرہ نما کریمیا کو روس کے علاقے کراسنودار سے جوڑتا ہے اور جسے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا ایک کلیدی اسٹریٹجک منصوبہ قرار دیا جاتا ہے۔

کریمیا کے روس نواز گورنر سرگئی اکسیونوف نے تصدیق کی کہ رات کی تاریکی میں اس پل کو نشانہ بنایا گیا۔ اگرچہ کریملن نے پل کو پہنچنے والے نقصان کو معمولی قرار دیا ہے تاہم روسی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق ہنگامی مرمتی کام کے باعث پل پر سڑک کی ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، البتہ ریل سروس معمول کے مطابق بحال ہے۔

دوسری جانب تیل کی تنصیبات کے لیے مشہور علاقے روستوف کے گورنر یوری سلیوسار نے بتایا کہ یوکرینی حملے کے نتیجے میں ازوف کے چار مختلف صنعتی مقامات پر شدید آگ بھڑک اٹھی۔

یہ بھی پڑھیں : دباؤ اور پابندیوں کی سیاست ناکام ہو گئی، امریکہ اپنی شکست چھپانے کے لیے بیانیے کی جنگ لڑ رہا ہے، ایران

اسی طرح کراسنودار کے علاقے السکی میں جہاں ایک بڑی آئل ریفائنری بھی واقع ہے ایک صنعتی تنصیب شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی جبکہ تباہ ہونے والے ڈرون کا ملبہ گرنے سے بچوں سمیت 6 شہری زخمی ہو گئے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں روس نے بھی یوکرین کے توانائی کے ڈھانچے پر میزائل اور ڈرون حملوں میں غیر معمولی تیزی لائی ہے، اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی معیشت اور دفاعی صلاحیت کو مفلوج کرنے کے لیے ایک شدید اعصاب شکن جنگ لڑ رہے ہیں۔

Scroll to Top