گورنر راج کے بعد مردان کے سرکاری محکموں میں بڑی انتظامی تبدیلیاں، قریب 100 ملازمین کے تبادلے

مردان: گورنر راج کے نفاذ کے بعد مردان کے سرکاری محکموں میں انتظامی اصلاحات کا عمل تیز کردیا گیا ہے، جس کے تحت محکمہ تعلیم زنانہ اور واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان (WSSCM) کے قریب 100 ملازمین کے تبادلے اور نئی تعیناتیوں کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

جاری کردہ سرکاری احکامات کے مطابق ملازمین کو ان کی اصل کیڈر پوسٹوں پر واپس بھیجنے کے ساتھ مختلف اسکولوں، یونین کونسلز اور علاقوں میں نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

محکمہ تعلیم زنانہ مردان کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ناہید انجم کی جانب سے جاری کردہ دفتری احکامات کے تحت تقریباً 60 خواتین اساتذہ کو ان کے اصل کیڈر، پے اسکیل اور عہدوں کے مطابق متعلقہ اسکولوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔

 ان میں سینئر اے ٹیز، اے ٹیز، سینئر قاریہ، قاریہ اور سینئر ٹی ٹی اسٹاف شامل ہیں۔دوسری جانب واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان (WSSCM) کی جانب سے بھی عملے کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے دو الگ الگ احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

13 نومبر 2026 کو چیف ایگزیکٹو آفیسر کی منظوری سے جاری کردہ پہلے نوٹیفکیشن کے تحت ڈیپوٹیشن پر کام کرنے والے گریڈ 3 کے بیلداروں کو ان کی اصل آسامیوں پر واپس بھیجتے ہوئے روریا، بغدادہ، بجلی گھر، مردان خاص، ہوتی، پار ہوتی، باغ ارم، بریچم، گلی باغ، سکندری اور کسکورونہ سمیت مختلف علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کا بڑا فیصلہ، فوری تبادلے کے احکامات جاری

نوٹیفکیشن کے مطابق ریونیو اینڈ بلنگ سیکشن سے تعلق رکھنے والے ملازمین ایک ماہ بعد اپنی نئی تعیناتیوں پر رپورٹ کریں گے۔کمپنی کے دوسرے حکم نامے کے تحت 13 سپروائزری افسران کو مختلف یونین کونسلز اور علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے، جن میں بغدادہ، مردان خاص، بیکٹ گنج، بریچم، گلی باغ، ہوتی، بجلی گھر، باغ ارم، روریا، پار ہوتی اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

جاری کردہ احکامات میں سپروائزری عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنائیں، عملے کی یونیفارم اور حاضری کی نگرانی کریں، روزانہ کی سرگرمیوں کی تصاویر ارسال کریں اور عوامی شکایات کا مقررہ وقت میں ازالہ یقینی بنائیں۔

ان انتظامی اقدامات کا مقصد سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانا، مبینہ بے ضابطگیوں کا خاتمہ اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی و تعلیمی سہولیات فراہم کرنا بتایا گیا ہے۔

Scroll to Top