سلطان اذلان شاہ کپ:قومی ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی برقرار، کانٹے دار مقابلے کے بعد جنوبی کوریا کو مات دے دی

قومی ہاکی ٹیم نے سلطان اذلان شاہ کپ 2026 میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی کوریا کو 2-3 سے ہرا دیا۔

ملائیشیا کے سلطان اذلان شاہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس لیگ میچ میں نوجوان فارورڈ حنان شاہد دو گول داغ کر پاکستان کی فتح کے مرکزی کردار رہے۔ 

گرین شرٹس نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پانچویں ہی منٹ میں رانا وحید اشرف نے فیلڈ گول کر کے ٹیم کو 0-1 کی سبقت دلا دی۔ 23ویں منٹ میں حنان شاہد نے گیند کو جال میں پہنچا کر برتری کو 0-2 تک بڑھا دیا۔

کھیل کے تیسرے کوارٹر میں جنوبی کوریا نے مزاحمت دکھائی اور 35ویں منٹ میں سیمن چن نے گول اسکور کر کے مقابلہ 1-2 کر دیا، تاہم 53ویں منٹ میں حنان شاہد نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول داغ کر برتری 1-3 کر دی۔

میچ کے آخری لمحات میں جنوبی کوریا کے من ہیوک لی نے پنالٹی کارنر کے ذریعے گول کر کے اسکور 2-3 کر دیا جس سے مقابلہ خاصی دلچسپ صورتحال اختیار کر گیا، لیکن قومی ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں نے حریف کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے برتری برقرار رکھی اور فتح سمیٹ لی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان جوہری تحفظ کے شعبے میں تعاون کے 20 سال مکمل، مقامی ٹیکنالوجی اور جدت کا مظاہرہ

ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان کی مجموعی طور پر تیسری جیت ہے، جس کے بعد قومی ٹیم چار میچوں میں نو پوائنٹس حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی تیسری پوزیشن مزید مضبوط کر چکی ہے۔ پاکستان اپنا آخری لیگ میچ جمعرات کو میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا۔

Scroll to Top