پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے سفارتی محاذ پر کامیاب دفاعی حکمت عملی اپنائی ہے، جبکہ پاکستانی عوام نے بھی اپنی یکجہتی اور حوصلے کی نئی مثال قائم کی ہے۔
لاہور کے واہگہ بارڈر پر روزانہ سینکڑوں شہری پہنچ کر نہ صرف پرچم کشائی کی تقریب دیکھتے ہیں بلکہ افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے بازی بھی کرتے ہیں۔
واہگہ بارڈر پر مرد، خواتین، بزرگ اور بچے پاکستانی پرچم تھامے ہوئے “پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگا رہے تھے۔ یہ منظر اس بات کا غماز تھا کہ پوری قوم اپنے سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی قسم کی کشیدگی کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
پریڈ کے دوران نوجوان شہری اسامہ مشتاق نے ہماری جان پاکستان سرحدوں کے رکھوالے ہم تمہارے ساتھ ہیں اور “پاکستان زندہ باد” جیسے نعرے لگا کر وہاں موجود تمام افراد کا جوش بڑھا دیا۔ اسامہ نے کہا کہ نوجوانوں کے جذبات قوم کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ اگر دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم اپنے سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں ہم پاک فوج کےساتھ مل کرلڑیں گے،دشمن نےغلط قدم اٹھایا توجواب ہم دیں گے، رہائشی زیرولائن
واہگہ بارڈر پر موجود شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ دشمن کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی فوج تنہا نہیں، پوری قوم اس کے ساتھ ہے۔ ایک نوجوان شہری اسامہ مشتاق نے کہا، ہم سب سپاہی ہیں، وردی ہو یا نہ ہو، وطن کے دفاع کے لیے سب یک جان ہیں۔ جبکہ ایک بزرگ شہری نے کہا، میں نے 1965 کی جنگ دیکھی ہے، آج بھی وہی جذبہ قوم میں موجود ہے۔





