اسلام آباد: حکومت نے پہلگام میں پیش آنے والے مبینہ فالس فلیگ آپریشن اور بھارتی جنگی جارحیت کے خلاف قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ قرارداد آج شام ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی اس اہم قومی معاملے پر اظہارِ خیال کریں گے اور بھارتی جارحیت، فالس فلیگ کارروائیوں اور سرحد پار دہشت گردی پر کھل کر بات کی جائے گی۔
اس موقع پر حکومت کی جانب سے قومی بیانیہ اور پالیسی بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف واضح طور پر سامنے لایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران سندھ طاس معاہدے کی بھارتی خلاف ورزی پر بھی بات کی جائے گی، اور حکومت اپنی حکمت عملی سے ایوان کو آگاہ کرے گی۔ اس حوالے سے وزیراطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر قومی سلامتی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دے چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر
یہ قرارداد ایسے وقت میں پیش کی جا رہی ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور پاکستان بھارتی الزامات اور کارروائیوں کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔





