بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شدید ٹرولنگ کا نشانہ بننے کے بعد اپنا اکاؤنٹ لاک کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وکرم مسری کو پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے آن لائن حملوں کا سامنا تھا۔ متعدد بھارتی صارفین خصوصاً انتہاپسند حلقے، ان پر سخت تنقید کر رہے تھے۔ ٹرولنگ میں نہ صرف انہیں “غدار” اور “بے شرم” جیسے الفاظ سے پکارا گیا بلکہ ان کے خاندان کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
سوشل میڈیا پر چلنے والی اس مہم کے دوران وکرم مسری پر ملک دشمنی کے الزامات لگائے گئے، محض اس بنیاد پر کہ وہ پاکستان کے ساتھ سفارتی سطح پر کشیدگی کم کرنے کے حامی تصور کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : سکھوں کا جذبہ یکجہتی! بھارتی جارحیت میں شہید پاکستانیوں کے خاندانوں کیلئے امدادی اعلان
ذرائع کے مطابق بڑھتے ہوئے دباؤ اور ذاتی حملوں سے تنگ آ کر سیکرٹری خارجہ نے اپنا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا، تاکہ وہ اس آن لائن نفرت انگیزی سے خود کو محفوظ رکھ سکیں۔





