پشاور میں آندھی و طوفان، 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے

پشاور میں شدید آندھی اور طوفان کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی ہے 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں۔

پیسکو ریجن میں شدید آندھی اور طوفان کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، ترجمان پیسکو کے مطابق خراب موسم کے نتیجے میں 110 فیڈرز میں فالٹ پیدا ہوا جس کے باعث بجلی بند ہو گئی۔

ترجمان کے مطابق آندھی کے سبب متعدد گرڈ اسٹیشن بھی ٹرپ ہوئے تاہم انہیں فوری طور پر بحال کر دیا گیا، متاثرہ علاقوں میں پشاور، خیبر، سوات، مردان، صوابی، ایبٹ آباد اور مانسہرہ سرکل شامل ہیں جہاں بجلی کی سپلائی میں تعطل پیش آیا ہے۔

پیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی کے لیے ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں اور مرمت کا کام جاری ہے، اس حوالے سے کنٹرول روم سے بجلی کی ترسیل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور میں شدید آندھی اور طوفان، درخت اور سائن بورڈز گرنے سے متعدد افراد زخمی

پیسکو نے صارفین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی بندش سے متعلق کسی بھی شکایت کے لیے پیسکو ہیلپ لائن 118 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top