پاکستان ایک طاقتور ملک ہے، دنیا اب اسے تسلیم کر چکی ہے، حافظ نعیم الرحمان

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ دنیا اب تسلیم کر چکی ہے کہ پاکستان ایک طاقتور اور باوقار ملک ہے اور ہمیں اسلام اور پاکستان کے نام پر ترقی کا سفر جاری رکھنا ہوگا۔

ملاکنڈ میں غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحماٰن نے بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں مساجد اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا بلکہ ان مظالم سے اس کی بربریت اور اندرونی کمزوری بھی آشکار ہو چکی ہے، کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور بہت جلد ہم اسے دوبارہ حاصل کریں گے۔

حافظ نعیم نے کشمیر کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی کمزور اور مصلحت پسند پالیسیوں نے دشمن کو فائدہ پہنچایا، ایسی شکست خوردہ سوچ ناقابل قبول ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو واضح اور دوٹوک پیغام دیا جائے کہ اگر فلسطین پر حملہ ہوا تو پاکستان اس کے خلاف کھڑا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا انہون نے کہا  بھارت کو بچانے آیا لیکن فلسطین پر مظالم پر خاموش رہا۔

حافظ نعیم نے عوام سے اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہی اسرائیل کو معاشی طور پر مفلوج کرنے کا مؤثر ہتھیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلستان دھماکے کے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ معیشت نہیں بلکہ حکمران طبقے کی غلامانہ سوچ ہے جو عوام کو کمزور سمجھتی ہے، اگر جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو ہم پاکستان کو ایک مثالی ریاست بنائیں گے۔

Scroll to Top