گلستان دھماکے کے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

گلستان دھماکے کے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان مارکیٹ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس المناک واقعے میں ملوث عناصر کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ گلستان دھماکہ قابلِ مذمت اور بزدلانہ کارروائی ہے معصوم شہریوں کی شہادت پر دل شدید رنجیدہ ہے۔

انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ دراصل قومی سلامتی کی جنگ ہے اور یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: قلعہ عبداللہ کے گلستان بازار میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 10 زخمی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان دہشتگردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

Scroll to Top