ٹول پلازوں کی آمدن مقامی سڑکوں کی بہتری پر خرچ ہو گی، کمشنر ہزارہ

حمد اللہ خان

ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ ڈویژن سید فیاض علی شاہ نے کہا ہے کہ ناران اور حویلیاں میں قائم کیے جانے والے ٹول پلازوں سے مقامی افراد کو مکمل استثنیٰ حاصل ہو گا، جبکہ ٹول ٹیکس صرف دیگر اضلاع سے آنے والی گاڑیوں، خصوصاً سیاحوں سے وصول کیا جائے گا۔

عوامی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ کا کہنا تھا کہ ان ٹول پلازوں سے حاصل ہونے والی آمدن مقامی سڑکوں کی بہتری پر خرچ کی جائے گی، جس سے نہ صرف انفراسٹرکچر بہتر ہوگا بلکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹول پلازوں کی تعمیر سے قبل متعلقہ علاقوں کی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا اور کوئی بھی فیصلہ عوام کی مشاورت کے بغیر نافذ نہیں کیا جائے گا۔

سید فیاض علی شاہ نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کا فوری حل ان کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے سروس ڈیلیوری سنٹرز اور زمینوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن میں جدت لائی جائے گی تاکہ عوام کو بروقت اور بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہزارہ ڈویژن صوبے میں انتہائی اہم حیثیت رکھتا ہے، اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی جا چکی ہے کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان کی 166 سیاسی جماعتوں میں صرف 58 کی ویب سائٹس فعال ہے، فافن

کمشنر نے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی ہزارہ کے مختلف اضلاع میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں گے تاکہ عوام کے مسائل براہ راست سنے اور حل کیے جا سکیں۔

Scroll to Top