تمام سیاست دانوں کو بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا، مصطفیٰ نواز کھوکھر

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام سیاست دانوں کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا۔

نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دیا، تاہم یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کہ صورتحال مکمل طور پر معمول پر آ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے طیارے مار گرائے، جو کہ ایک مضبوط دفاعی پیغام تھا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی عدم استحکام کی قیمت ہمیشہ عوام کو چکانا پڑتی ہے، اور ملک کو اس وقت شدید سیاسی عدم استحکام سے نکالنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے آرمی چیف کو ان کا کریڈٹ دینا خوش آئند قدم ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے عوام کی مکمل حمایت حاصل نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چینی سفیر کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے ملاقات

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو صحت اور تعلیم جیسے بنیادی شعبوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ عوامی مسائل کا دیرپا حل ممکن ہو سکے۔

Scroll to Top