پشاور :ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی عید قرباں کی آمد کے ساتھ ہی مویشی منڈیوں کی رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔
مختلف شہروں میں عارضی اور مستقل مویشی منڈیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں خوبصورت، صحت مند اور اعلیٰ نسل کے جانور خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
منڈیوں میں پہاڑی نسل کے بکروں نے دھوم مچا رکھی ہے، جن کی خوبصورتی اور قد و قامت نے شہریوں کو متوجہ کیا ہے۔ تاہم خریداروں نے شکوہ کیا ہے کہ اس بار قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جس سے خریداری کرنا عام آدمی کے لیے مشکل ہو گیا ہے۔
اسی دوران خیبر پختونخوا کی ایک منڈی میں “ٹائیگر” نامی بیل نے سب کی نظریں اپنی طرف کھینچ لی ہیں۔ اس خوبصورت اور وزنی جانور کو دیکھنے کے لیے لوگ جوق در جوق منڈی کا رُخ کر رہے ہیں۔
ٹائیگر کے مالک کا کہنا ہے کہ یہ جانور میری خاص توجہ اور پرورش کا نتیجہ ہے، میں نے اسے بڑے پیار اور محنت سے پالا ہے، اور مجھے فخر ہے کہ یہ منڈی کا سب سے وزنی جانور ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیر صدارت عید الاضحی کی تیاریوں سے متعلق اجلاس، انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایات
عید قرباں کے قریب آتے ہی مویشی منڈیوں کی سرگرمیوں میں مزید تیزی کی توقع ہے، جبکہ شہریوں کی کوشش ہے کہ وہ مناسب قیمت پر بہترین جانور خرید سکیں۔





