ملزم ثنا یوسف سے دوستی کرنا چاہتا تھا ، مسلسل پیشکش مسترد ہونے پر انتہائی قدم اُٹھایا ،آئی جی

ملزم ثنا یوسف سے دوستی کرنا چاہتا تھا ، مسلسل پیشکش مسترد ہونے پر انتہائی قدم اُٹھایا ،آئی جی

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مقتولہ ثنا یوسف کے قتل کے پیچھے ملزم عمر حیات کا اس سے دوستی کرنے کا ارادہ تھا، تاہم مقتولہ کی جانب سے مسلسل اس پیشکش کی مستردگی کے باعث ملزم نے انتہائی قدم اٹھایا۔

آئی جی علی ناصر رضوی نے بتایا کہ ملزم عمر حیات میٹرک پاس ہے اور اس کے والد گرڈ 16 کے ریٹائرڈ سرکاری ملازم ہیں۔ انہوں نے اس واقعے کو ایک المناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بیٹی کا بے دردی سے قتل ہونا پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے اس کیس کی تفتیش انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کی۔ 2 جون کو شام 5 بجے ملزم نے مقتولہ کو گھر کے اندر 5 گولیاں ماریں۔ پولیس نے کیس کی جانچ کے لیے سات مختلف ٹیمیں تشکیل دی تھیں، 113 کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی گئیں، 300 سے زائد کالز کا تجزیہ کیا گیا اور سوشل میڈیا سمیت مختلف پہلوؤں کو بھی زیرِ غور رکھا گیا۔

آئی جی نے مزید بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کل 11 چھاپے مارے گئے، جن میں اسلام آباد میں 3، فیصل آباد میں 2 اور جڑانوالہ میں ایک مقام شامل تھا۔

Scroll to Top