ایبٹ آباد میں قلندر آباد بازار میں واقع مرکزی جامع مسجد کے سامنے سات دکانوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، دکانوں میں پڑا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے فوری طور پر تین فائر ویکلز اور دو ایمبولینسز روانہ کیں جبکہ آگ کی شدت کے باعث مانسہرہ سے بھی اضافی ریسکیو ٹیم کو طلب کیا گیا۔
آگ نے تیزی سے قریبی ڈرائی فروٹ، بیکری، موبائل شاپ، ہارڈویئر، ٹک شاپ، کھلونوں اور سموسوں پکوڑوں کی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ آگ بجھانے کا عمل شروع کیا اور چند گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ بروقت کارروائی کی بدولت قریبی پلازہ اور دیگر دکانوں کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔





