کے پی ترقیاتی بجٹ میں 114 ارب روپے اضافے کی تجویز، مجموعی حجم 528 ارب تک پہنچنے کا امکان

کے پی ترقیاتی بجٹ میں 114 ارب روپے اضافے کی تجویز، مجموعی حجم 528 ارب تک پہنچنے کا امکان

خیبرپختونخوا حکومت کو آئندہ مالی سال 2025-26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں 114 ارب روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے بعد ترقیاتی بجٹ کا مجموعی حجم 528 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال 2024-25 میں اے ڈی پی کا حجم 414 ارب روپے تھا، جبکہ آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے نمایاں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ ترقیاتی بجٹ میں بندوبستی اضلاع کے لیے 195 ارب روپے، لوکل گورنمنٹ کے لیے 45 ارب روپے اور ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لیے 33 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 29 ارب روپے رکھے جانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ بجٹ کا حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ اور محکمہ منصوبہ بندی کی منظوری سے ہوگا، جس کے بعد اسے صوبائی کابینہ میں پیش کر کے اسمبلی سے منظوری حاصل کی جائے گی۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں میں اضافے کا یہ اقدام صوبے میں بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت، توانائی اور مقامی حکومتوں کی بہتری کے لیے اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top