وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی حالیہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے، اسرائیل کی اشتعال انگیزی عالمی امن و استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے ایران کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی اور واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ایرانی صدر سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی مظالم کی بھی پرزور مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اس پاکستان کی طرف سے اظہار یکجہتی اور حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

ایرانی صدرنے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات موجود ہیں اور دونوں ممالک کو درپیش خطرات کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی جانب سے مسلسل مذاکرات سے انکار کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، بلاول بھٹو

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ خطے میں امن، یکجہتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جا سکیں۔

Scroll to Top