کوہستان میں اربوں روپے کے مالی اسکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو 23 جون کو طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سال 2024 میں اعظم سواتی کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں ایک نجی فرم کی جانب سے رقم منتقل کی گئی تھی۔ نیب نے اعظم سواتی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس رقم کی مکمل تفصیلات اور ذرائع فراہم کریں۔
یاد رہے کہ کوہستان میں مبینہ طور پر 40 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا اسکینڈل سامنے آیا تھا، جس میں جعلی چیکس کے ذریعے مختلف بینکوں سے بھاری رقوم نکالی گئیں۔ اس اسکینڈل کے منظرعام پر آنے کے بعد صوبائی حکومت نے نیب سے انکوائری کی باضابطہ درخواست کی تھی، جب کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔
نیب کی جانب سے کیس کی تحقیقات میں تیزی لائی جا رہی ہے اور مزید اہم شخصیات کی طلبی کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، نیب اس اسکینڈل کی تہہ تک پہنچنے کے لیے مالی لین دین اور بینک ریکارڈز کی باریک بینی سے چھان بین کر رہا ہے، جب کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی متوقع ہے۔





