آج 21 جون کو سال 2025 کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات ہے۔ فلکیاتی ماہرین کے مطابق آج دن کا دورانیہ 13 گھنٹے 41 منٹ جبکہ رات کا دورانیہ صرف 10 گھنٹے 19 منٹ ہوگا، جس کے بعد یکم جولائی سے دن بتدریج چھوٹے اور راتیں طویل ہونا شروع ہو جائیں گی۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ ہر سال 21 یا 22 جون کو زمین کا جھکاؤ سورج کی جانب سب سے زیادہ ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں دن طویل اور رات مختصر ہو جاتی ہے۔ 22 ستمبر کو دن اور رات کا دورانیہ برابر ہو جائے گا، جسے ’’مساواتِ شب و روز‘‘ (Equinox) کہا جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ لاہور، فیصل آباد، جھنگ، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، پشاور، مردان، صوابی، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم کی یہ تبدیلی نہ صرف درجہ حرارت میں کمی لائے گی بلکہ پری مون سون کے باقاعدہ آغاز کی بھی نشاندہی کرتی ہے۔





