ٹرینیڈاڈ: پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں انہوں نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی بلکہ عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
میچ کا آغاز پاکستان کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کے فیصلے سے ہوا۔ میزبان ویسٹ انڈیز نے مقررہ پچاس اوورز میں 280 رنز بنائے۔ ایون لیوس، کپتان شائی ہوپ اور روسٹن چیس نے نصف سنچریاں اسکور کر کے ٹیم کو سہارا دیا۔
پاکستان کی بولنگ لائن نے ایک بار پھر اپنا لوہا منوایا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 51 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ نسیم شاہ نے 55 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
شاہین نے اس کارکردگی کے ساتھ ون ڈے کیریئر میں اپنی وکٹوں کی تعداد 131 تک پہنچا دی اور صرف 65 میچز میں یہ سنگ میل عبور کر کے دنیا کے تیز ترین بولر بن گئے جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ افغانستان کے راشد خان کے پاس تھا، جنہوں نے 128 وکٹیں 65 میچز میں حاصل کی تھیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن نے اعتماد کے ساتھ کھیل پیش کیا۔ حسن نواز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 63 رنز بنائے، جبکہ کپتان محمد رضوان نے 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان نے 48.5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔
تین میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس نے 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دوسرا ون ڈے میچ اتوار، جبکہ تیسرا اور آخری مقابلہ منگل کو برائن لارا اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔





