پشاور ہائیکورٹ نے پیسکو کواعلیٰ عہدوں پر بھرتیوں کے حتمی فیصلے سے روک دیا

پشاور(کامران علی شاہ) پشاور ہائیکورٹ نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) میں اعلیٰ عہدوں پر نئی تعیناتیوں کے خلاف دائر درخواست پر عبوری ریلیف دیتے ہوئے پیسکو کو ان بھرتیوں پر حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا ہے۔

عدالت نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ پیسکو چیف کمرشل آفیسر، چیف ٹیکنیکل آفیسر اور چیف سپلائی چین مینجمنٹ آفیسر کی بھرتی کے عمل کو جاری رکھا جا سکتا ہےتاہم ان عہدوں پر فی الحال حتمی فیصلے سے اجتناب کیا جائے۔

درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پیسکو نے ان عہدوں پر تقرری کے لیے اشتہار جاری کیا ہے جبکہ درخواست گزار خود بھی چیف کمرشل آفیسر، چیف انفارمیشن آفیسر، چیف لیگل آفیسر اور چیف ٹیکنیکل آفیسر کی پوسٹوں پر تعیناتی کے اہل ہیں۔

درخواست گزار کا دعویٰ ہے کہ اگر ان آسامیوں پر نئی تعیناتیاں کر دی گئیں تو وہ اس عمل سے متاثر ہوں گے۔

درخواست گزار کے وکیل، یوسف خان ایڈووکیٹ، نے عدالت کو بتایا کہ پیسکو نے حالیہ پالیسی کے تحت حاضر سروس افسران کے لیے ان عہدوں پر درخواست دینے سے قبل مستعفی ہونا لازمی قرار دیا ہے جو کہ غیر قانونی اور قواعد و ضوابط کے منافی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شاہین شاہ آفریدی نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

وکیل کے مطابق یہ پالیسی نہ صرف درخواست گزار کے بنیادی حقوق متاثر کرتی ہے بلکہ پیسکو کے ایکٹ سے بھی متصادم ہے۔

Scroll to Top