شادی سے پہلے شہید، الجزیرہ کے ویڈیو جرنلسٹ کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں

غزہ : غزہ کے النصر اسپتال پر اسرائیلی فوج کی شدید بمباری میں پانچ صحافیوں سمیت 20 افراد شہید ہو گئے۔ اس حملے نے دنیا کو اسرائیلی مظالم کی حقیقت بتانے والے صحافیوں کے خواب بھی چکنا چور کر دیے۔

شہید ہونے والے صحافیوں میں الجزیرہ کے فوٹو جرنلسٹ محمد سلامہ شامل ہیں، جو چند دنوں بعد صحافی ہالا عصفور سے شادی کے بندھن میں بندھنے والے تھے۔

مگر اسرائیلی بمباری نے ان کا زندگی بھر ساتھ نبھانے کا خواب ادھورا چھوڑ دیا اور یہ رشتہ شروع ہونے سے پہلے ہی ہمیشہ کے لیے بچھڑنے میں بدل گیا۔

صبر و حمت کی مثال بننے والی صحافی ہالا عصفور نے اپنے شریک حیات کو زندگی کا آخری سفر طے کرنے کے لیے روانہ کیا اور کہا کہ وہ اس دکھ کے باوجود حق کی آواز بلند کرتی رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : اورکزئی بھرتی اسکینڈل: اسمبلی فلور پر ڈی ایچ او کی بے ضابطگیوں کا پول کھل گیا

اس حملے میں دیگر شہید ہونے والے صحافیوں میں غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے کیمرامین حسام المصری امریکی خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس اور برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کی نامہ نگار مریم ابودقہ، امریکی ٹی وی این بی سی نیٹ ورک کے صحافی ابوطحٰہ، اور قدس نیوز کے احمد ابو عزیز شامل ہیں۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ مظلوموں کی آواز دبائی نہیں جا سکتی، اور حقائق کو دنیا تک پہنچانے والے صحافی اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر سچائی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

Scroll to Top