پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی اسٹار اوپنر سدرہ امین نے جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو مقابلوں میں سدرہ امین نے مسلسل سنچریاں اسکور کر کے نہ صرف اپنی فارم کا ثبوت دیا بلکہ پاکستانی ویمن کرکٹ کی تاریخ میں بھی ایک نمایاں مقام حاصل کر لیا۔
سیریز کے پہلے میچ میں سدرہ نے 121 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ دوسرے ون ڈے میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 122 رنز بنائے۔
یہ دونوں اننگز نہ صرف فتح کی بنیاد بنیں بلکہ انہیں مسلسل دو ون ڈے سنچریاں بنانے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بھی بنا گئیں۔
یہ کارنامہ انجام دے کر سدرہ امین ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 6 سنچریاں بنانے والی واحد پاکستانی بیٹر بن گئی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اب ان کی تنہا سنچریوں کی تعداد پاکستان کی باقی تمام ویمن کرکٹرز کی مجموعی چار سنچریوں سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: نیک محمد اور سیکرٹری تعلیم کا تنازع خوش اسلوبی سے ختم، وزیراعلیٰ کی تصدیق
عالمی سطح پر دیکھا جائے تو سدرہ ایشیا کی صرف دوسری خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے لگاتار دو ون ڈے میچز میں سنچریاں بنائیں، جو کہ ایک بڑا اعزاز ہے۔
سدرہ امین کی یہ شاندار کارکردگی پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے ایک روشن مثال ہے اور ان کے اس کارنامے کو شائقین و ناقدین یکساں طور پر سراہ رہے ہیں۔





