ایشیا کپ فائنل!ابھیشیک شرما اور پانڈیا کی فٹنس سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی

ایشیا کپ فائنل!ابھیشیک شرما اور پانڈیا کی فٹنس سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی

ایشیا کپ 2025 کے فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، سری لنکا کیخلاف زخمی ہونیوالے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور اوپنر ابھیشیک شرما مکمل طور پر فٹ قرار دے دیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کھلاڑی فائنل میچ کے لیے دستیاب ہوں گے اور ٹیم مینجمنٹ نے انہیں مکمل فٹنس کلیئرنس دے دی ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف میچ میں ہاردک پانڈیا کو کریمپس جبکہ ابھیشیک شرما کو پنڈلی میں تکلیف محسوس ہوئی تھی، جس کے باعث ان کی فٹنس پر سوالات اٹھنے لگے تھے۔ تاہم تازہ ترین رپورٹس کے مطابق دونوں کھلاڑی میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارت ممکنہ طور پر 21 ستمبر کو پاکستان کے خلاف کھیلی گئی پلیئنگ الیون کو ہی برقرار رکھے گا۔ اسی طرح پاکستانی ٹیم کی طرف سے بھی کوئی بڑی تبدیلی متوقع نہیں، اور وہی ٹیم میدان میں اترے گی جس نے بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

ایشیا کپ فائنل کے لیے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں اور دبئی کا اسٹیڈیم ہاؤس فل ہوگا۔ پاک بھارت فائنل کے حوالے سے شائقین کرکٹ میں جوش و خروش دیدنی ہے، اور اس میچ کو کرکٹ کا “سپرفائنل” قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top