کیلیفورنیا :میٹا کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی ایک نیا سبسکرپشن ماڈل شروع کرے گی جس کے تحت صارفین ماہانہ فیس ادا کرکے فیس بک اور انسٹاگرام پر اشتہارات کے بغیر خدمات حاصل کر سکیں گے۔
میٹا کے مطابق یہ سروس پہلے مرحلے میں صرف برطانیہ میں متعارف کروائی جائے گی، جہاں ویب صارفین کو ماہانہ 2.99 پاؤنڈ جبکہ موبائل صارفین کو 3.99 پاؤنڈ ادا کرنا ہوں گے۔
وہ صارفین جو اس سبسکرپشن کا انتخاب نہیں کریں گے، وہ مفت پلیٹ فارم تو استعمال کر سکیں گے مگر انہیں اشتہارات دیکھنے ہوں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ سبسکرپشن لینے والے صارفین کو ویڈیو اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے اور ان کا ذاتی ڈیٹا اشتہارات کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
یہ قدم یورپ میں بڑھتی ہوئی ریگولیٹری پابندیوں اور صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کے مطالبات کے پیش نظر اٹھایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں یورپی یونین نے میٹا پر 200 ملین یورو جرمانہ عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ صارفین کو کم مداخلتی اشتہارات کے متبادل آپشنز فراہم کیے جائیں۔
میٹا کی یہ نئی سبسکرپشن سروس مستقبل میں دیگر ممالک میں بھی متعارف کرانے کا امکان ہے۔





