ڈائریکٹر جنرل واصف سعیدخیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے غذائی و کیمیائی دہشت گردی میں ملوث ایک بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حطار انڈسٹریل زون، ہری پور میں مصنوعی اور مضر صحت دودھ تیار کرنے والی فیکٹری کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے پکڑے جانے والی فیکٹری کیخلاف پیشرفت بارے تفصیلات جاری کردیں اور کہا کہ گھناؤنے کاروبار میں ملوث فیکٹری سے کروڑوں روپے کی مشینری اکھاڑ کر ضبط کر لی گئی جبکہ فیکٹری کا پورا آپریشن ختم کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ روز خفیہ اطلاع ملنے پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی، واصف سعید کی نگرانی میں خصوصی ٹیم نے فیکٹری پر چھاپہ مارا تھا، جہاں سے مصنوعی و کیمیکل بیسڈ دودھ تیار کیا جا رہا تھا۔
فیکٹری روزانہ کی بنیاد پر تقریباً ایک لاکھ لیٹر مضر صحت دودھ اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر بڑے شہروں کو سپلائی کر رہی تھی۔
فوڈ اتھارٹی حکام نے بتایا کہ فیکٹری مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے اور کارروائی کے موقع پر منیجر سمیت تین افراد کوگرفتار کرلیا گیا ہے جن کیخلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈائریکٹر جنرل واصف سعید نے کہا کہ غذائی دہشت گردی میں ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ایسے گھناؤنے کاروبار چلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے غیر قانونی کاروبار کی فوری نشاندہی کر کے فوڈ اتھارٹی کو رپورٹ کریں، کیونکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے مکمل خاتمے میں عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے وژن اور چیف سیکرٹری کی ہدایات کے مطابق صوبے سے غذائی دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔
واصف سعید نے مزید کہا کہ ایسے انسان دشمن عناصر کا قلع قمع ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔





