وفاقی حکومت نےپاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک تفصیلی فہرست وفاقی حکومت کو ارسال کی تھی جسے ای سی ایل کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں منظور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حصہ ہے۔
ذرائع کے مطابق ای سی ایل میں شامل کیے گئے ناموں میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ، شاہ محمود قریشی، عمر ایوب ،فواد چوہدری ، شبلی فراز ، علی امین گنڈا پور ، شہریار آفریدی ، عثمان ڈار، شیری مزاری ، زرتاج گل ، مسر ت چیمہ ، کنول شوزب ، شیخ رشید احمد ، شیخ راشد شفیق،میجر ریٹارڈ طاہر صادق ،راجہ بشارت، واثق قیوم عباسی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ اقدام اس امر کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں نامزد افراد تحقیقات اور قانونی کارروائی سے بچتے ہوئے ملک سے باہر نہ جا سکیں ۔
مزید کہا گیا ہے کہ حکومت اس معاملے پر سخت موقف اپنائے ہوئے ہے اور کسی بھی شخص کو قومی سلامتی اور ریاستی اداروں کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی صورت میں رعایت نہیں دی جائے گی۔





