حمد اللہ
ایبٹ آباد: گلیات کے سیاحتی مقامات کنڈلہ، ایوبیہ، توحید آباد، ڈونگا گلی اور نتھیا گلی کے جنگلات میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس نے وسیع جنگلاتی رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور سینکڑوں درخت اور لاکھوں پودے جل گئے۔ جنگلی حیات کی زندگیوں کو بھی شدید خطرہ لاحق ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122، فائر بریگیڈز، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور صورتحال پر قابو پانے کی کارروائی میں مصروف عمل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے ہزارہ بھر سے اضافی ریسکیو ٹیمیں طلب کر لی ہیں تاکہ آگ کے پھیلاؤ کو روکنے اور ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے سے بھی امدادی کارروائیوں کے لیے دو ہیلی کاپٹرز بمعہ معاون سہولیات کی فوری فراہمی کی درخواست کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد یا پشاور بند کرنے سے عمران خان کی سزا ختم نہیں ہوگی، گورنر خیبر پختونخوا
ریسکیو1122 کے اہلکار اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں مشکل اور دشوار گزار پہاڑی راستوں سے ہوتے ہوئے آگ پر قابو پانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر حفیظ رحمٰن اور ایمرجنسی آفیسر فہد علی مسعود نے موقع کا دورہ کیا اور ریسکیو1122 کے ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا طیب عبداللہ کی ہدایات پر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔





