لیڈر کی ہدایات پر مکمل عمل کرونگا، مجھ سے منسوب خبریں صرف قیاس آرائیاں ہیں، سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے موقف کو ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے لیڈر کی ہدایات کے مطابق صوبے کے انتظامی امور سنبھالنے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری بھی جاری رکھیں گے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا’’میرے لیڈر نے مجھے صوبے کے انتظامی امور سنبھالنے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کی ہدایات دی ہیں اور میں ان پر من و عن عمل کروں گا، ان نشااللہ ۔

وزیراعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ ان سے منسوب کی جانے والی بعض خبریں محض لوگوں کے ذاتی قیاس آرائیاں ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

سندھ کے دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے جمہوری اقدار اور منصب کے احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ملاقات کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا’’میں نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بتایا کہ میں وہاں اپنے صوبے کے لوگوں سے ملاقات کروں گا، اور اگر کسی فرد کو کسی قسم کی تکلیف یا مسئلہ درپیش ہوا تو اس کے حل کے لیے ملاقات لازمی کروں گا۔‘‘

مزید برآں، وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ وہ 11 جنوری، بروز اتوار، عصر 4 بجے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دیں گے۔

یہ واضح اعلان اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ سہیل آفریدی نہ صرف صوبائی انتظامی امور میں مکمل توجہ مرکوز رکھیں گے بلکہ اپنی سیاسی ذمہ داریوں اور ہدایات کے مطابق اقدامات جاری رکھیں گے، جس سے سیاسی ماحول میں نئے سسپنس اور دلچسپی کے لمحے پیدا ہو گئے ہیں۔

Scroll to Top