آفتاب جہاں
ریاض: وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد 13 سے 15 جنوری تک ریاض میں منعقد ہونے والے فیوچر منرلز فورم 2026 میں شرکت کر رہا ہے جہاں پاکستان کا پویلین فورم کے آغاز سے قبل ہی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
“دی منرل مارول” کے عنوان سے قائم کیا گیا پاکستان پویلین فیوچر منرلز فورم 2026 میں نمایاں حیثیت اختیار کر چکا ہے اور شرکا کی خصوصی دلچسپی کا باعث بن رہا ہے۔
سعودی عرب کے وزیرِ صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخریف اور نائب وزیر برائے کان کنی امور انجینئر خالد بن صالح المدیفر نے فورم کے باضابطہ افتتاح سے قبل پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔
اس موقع پر سعودی وزرا نے پاکستان پویلین کے ڈیزائن، پیش کردہ معدنی وسائل اور مجموعی انتظامات کو سراہا۔
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل نے فیوچر منرلز فورم 2026 میں پاکستان کی شرکت پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ دونوں سعودی وزرا نے فورم میں پاکستان کی بھرپور اور مؤثر شرکت کو کامیاب قرار دیتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔
فیوچر منرلز فورم 2026 میں مجموعی طور پر 13 پاکستانی کمپنیاں شریک ہیں، جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ وزارتِ توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے پاکستان پویلین اور وزارتی سیشن کے لیے لیڈ آرگنائزر کے طور پر کردار ادا کر رہی ہے۔
پاکستان کی یہ شرکت عالمی کان کنی کے شعبے میں ملک کے معدنی امکانات، سرمایہ کاری کے مواقع اور بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش قرار دی جا رہی ہے۔





