پشاور: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نوشابہ بی بی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں زندگی کے اہم اور سنسنی خیز حقائق سے پردہ اٹھایا ہے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی شادی صرف 12 سال کی عمر میں ہوئی اور اسی سال انہوں نے ٹی وی میں چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
نوشابہ بی بی نے بتایا کہ شوبز میں قدم رکھنے سے قبل انہیں کسی ملازمت کے لیے وقت نہیں ملا کیونکہ ان کی شادی اسی وقت ہوگئی تھی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ گڑیا اور اپنی سہلیوں کے ساتھ کھیل رہی تھیں جب انہیں خبر ملی کہ گھر میں کسی کی شادی ہو رہی ہے، وہ بھاگتی ہوئی آئی اور انہیں بٹھا دیا گیا۔ اس موقع پر ان پر لپ اسٹک بھی لگائی گئی، جو اداکارہ کے مطابق ان کی کمزوری بن گئی۔
اداکارہ نے بتایا کہ شادی کے بعد سب مہمان چلے جانے کے بعد انہوں نے اپنی بڑی نند سے کہا کہ انہیں بھی اپنے گھر بھیج دیا جائے۔
اس وقت ان کے شوہر اور ان کی عمر میں 23 سال کا فرق تھا اور وہ 14 سال کی عمر میں پہلی بار ماں بنی۔ ان کے چار بچے ہیں: تین بیٹے اور ایک بیٹی۔
نوشابہ بی بی نے انکشاف کیا کہ ان کے والد نے کبھی انہیں شوبز میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی کیونکہ وہ سخت مزاج انسان تھے، تاہم ان کے کئی شاگرد پی ٹی وی میں کام کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : تمام سرکاری ادارے خبردار! کم از کم تنخواہ کی ادائیگی کو یقینی بنانے کا حکم جاری
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی ساس سے ٹی وی میں کام کرنے کی اجازت مانگی، اور شوہر نے ان کا ساتھ دیا، جس کے بعد وہ چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر شوبز میں قدم رکھ سکیں۔
اداکارہ کے مطابق ان کی زندگی میں یہ مراحل ان کے لیے سنسنی خیز اور چیلنجنگ رہے، لیکن انہوں نے ہمت اور حوصلے سے اپنی شوبز کیریئر کو آگے بڑھایا۔





