تہران میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی سے اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال، امن کوششوں اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے جنگ بندی اور مصالحتی کردار میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ برادر ملک پاکستان کی ثالثی میں جنگ بندی کا عمل ممکن ہوا، انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے مخلصانہ اور مثبت کردار کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور مشرق وسطیٰ کے تنازع کے دیرپا حل کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لبنان جنگ بندی: ایرانی اسپیکر کا پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار پر اظہارِ تشکر
انہوں نے واضح کیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ تمام تنازعات کا حل صرف مذاکرات اور ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور خطے میں امن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





