حطار گیس لیکج حادثہ، جاں بحق 8 افراد کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا، علاقے میں سوگ کی فضا

ہری پور کے علاقے حطار میں پیش آنے والے گیس لیکج حادثے میں جاں بحق ہونے والے 8 افراد کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گزشتہ روز گیس پائپ لائن میں لیکج کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی آبادی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، افسوسناک واقعے میں 8 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ہری پور، حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس پائپ لائن پھٹنے سے آگ لگ گئی، 8 افراد جاں بحق

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے فوری طور پر 8 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر وسیم احمد کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے 24 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کی جائے تاکہ حادثے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

Scroll to Top