بابر نے معیار اتنا بلند کر دیا ہے کہ اب اس کے 30، 35 رنز بھی کم محسوس ہوتے ہیں، اظہر محمود

کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر محمود نے قومی ٹیم کے بیٹر بابر اعظم کی کارکردگی اور ان کے حوالے سے ہونے والی تنقید پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔

پشاور زلمی کے اسسٹنٹ اور بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ بابر اعظم کی کارکردگی کو جتنا منفی انداز میں پیش کیا جاتا رہا ہے، حقیقت اس کے برعکس ہے۔

ان کے مطابق بابر اعظم نے اپنی بیٹنگ سے اتنا اسکور کیا ہے کہ ان کے 30 سے 35 رنز کی اننگز بھی بعض اوقات کم سمجھی جانے لگی ہیں، جو ان کے معیار کی عکاسی کرتی ہے۔

اظہر محمود نے بابر اعظم کو عالمی معیار کا بیٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ایک “ورلڈ کلاس” کھلاڑی رہے ہیں اور انہیں مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ اپنی فطری کرکٹ کھیلیں۔

ان کے مطابق بابر ایک کلاسیکل بیٹنگ اسٹائل رکھنے والے کھلاڑی ہیں جو تکنیکی شاٹس کھیلنے میں مہارت رکھتے ہیں، جبکہ وہ غیر ضروری جارحیت یا مار دھاڑ والی کرکٹ پر انحصار نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم نے حالیہ میچ میں شاندار اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جسے وہ “آؤٹ اسٹینڈنگ کرکٹ” قرار دیتے ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان میں 180 یا 190 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ مستقل کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بہت کم ہیں، اور بابر اعظم کا سب سے بڑا اثاثہ ان کا تسلسل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 11،ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 11 رنز سے ہرا دیا

اظہر محمود نے مزید کہا کہ ماضی میں بابر اعظم کو ان کے بیٹنگ آرڈر اور کردار کے حوالے سے درست طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا، جس کا اثر ان کی کارکردگی کے تاثر پر بھی پڑا۔ ان کے مطابق ٹیم میں ہر کوئی چاہتا تھا کہ بابر ایک بڑی سنچری اسکور کریں، تاہم ان کی اصل قدر ان کی مستقل مزاجی اور اعتماد میں ہے۔

پشاور زلمی کے کوچ نے ٹیم کے مجموعی کمبی نیشن پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پی ایس ایل کے لیے اسکواڈ تیاری مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کھیلے گئے میچز سے وکٹوں اور کنڈیشنز کا اندازہ ہو چکا ہے۔

اظہر محمود کے مطابق پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، اصل ضرورت اس ٹیلنٹ کو درست طریقے سے استعمال کرنے اور کھلاڑیوں کو مناسب مواقع فراہم کرنے کی ہے۔

Scroll to Top