اسلام آباد: اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جس کے باعث آج 21 اپریل بروز منگل کو ریڈ زون میں معمولات زندگی محدود کر دیے گئے ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں قائم تمام وزارتوں، ڈویژنز اور وفاقی اداروں کے ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ روز دفاتر آنے کے بجائے گھروں سے کام کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور اہم سفارتی سرگرمیوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
Entry into Islamabad’s Red Zone to remain suspended on April 21; offices and schools advised to adopt work-from-home to avoid inconvenience. thank you pic.twitter.com/zmPnyOcSxR
— DC Islamabad (@dcislamabad) April 20, 2026
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام افسران اور عملہ اپنے متعلقہ اسٹیشنز پر دستیاب رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر دفتر پہنچنے کے لیے تیار رہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری امور کی بلا تعطل انجام دہی کے لیے متبادل اور خصوصی انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بھی ریڈ زون کے اندر واقع تمام تعلیمی اداروں کو ایک دن کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے آن لائن یا متبادل طریقہ کار اپنائیں۔
یہ بھی پڑھیں : کویت نے سپلائی معاہدوں پر عمل سے عارضی معذرت کر لی
ذرائع کے مطابق دارالحکومت میں اہم سفارتی ملاقاتوں کا انعقاد متوقع ہے، جس کے باعث سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ شہر کے حساس علاقوں میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت اور اہم بین الاقوامی مصروفیات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔





