پاکستان سے حج پروازوں کا سلسلہ جاری، عازمین مدینہ پہنچنے لگے

اسلام آباد: پاکستان سے حج 2026 کے لیے قبل از حج پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت اب تک 2 ہزار 687 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔

سرکاری حکام کے مطابق مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمین کی آمد کے موقع پر وزارتِ مذہبی امور کے کوآرڈینیٹر کاشف حسین اور دیگر عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں رہائش گاہوں تک پہنچانے کے انتظامات کی نگرانی کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ان کی عبادت اور سفر آسان اور آرام دہ ہو سکے۔ مدینہ منورہ میں پاکستانی حجاج کے لیے رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کے لیے مربوط نظام نافذ کیا گیا ہے۔

آمد کے موقع پر ایک استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں کیک کاٹا گیا اور عازمین کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ دیا گیا۔

منتظمین کے مطابق یہ سرگرمیاں عازمین حج کے لیے خوشگوار ماحول فراہم کرنے اور ان کی رہنمائی کے سلسلے کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان آئندہ دنوں میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران امریکا مذاکرات: پاکستان خطے کے تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے، محسن نقوی

حج اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک ہے اور ہر سال دنیا بھر کے مسلمان اس عظیم عبادت کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا رخ کرتے ہیں۔

پاکستانی حکام کے مطابق عازمین حج کی مکمل معاونت کے لیے ٹرانسپورٹ، رہائش، صحت اور رہنمائی کے تمام انتظامات جاری ہیں، تاکہ انہیں دورانِ سفر کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Scroll to Top