پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے پارٹی کے اندرونی اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فیصلہ سازی کے عمل میں تمام قیادت متحد ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے 9 اپریل کا جلسہ ملتوی کرنے کے فیصلے کا دفاع کیا اور اسے ایک اہم سفارتی سرگرمی کے احترام میں اٹھایا گیا درست قدم قرار دیا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خود سلمان صفدر کے ذریعے جلسہ منسوخ کرنے کا پیغام بھیجا تھا، کیونکہ پارٹی کسی بین الاقوامی تقریب میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کی قیادت میں تحریک آگے بڑھے گی اور بانی پی ٹی آئی کی جانب سے تفویض کردہ ذمہ داریوں کا احترام سب پر لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آخری اسٹیج پر حکومت کو دھمکی دینا مناسب نہیں سمجھا، سہولت کاری کی باتوں پر مجھے غم و غصہ ضرور تھا، علیمہ خان کے بارے جو کچھ میں نے کہا اس کا لہجہ مختلف ہوسکتا تھا۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ سہولت کاری کے الفاظ درست نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر کچھ ایشوز تھے ہم اس سے آگے بڑھ گئے ہیں۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت سے کوئی تناؤ اور اختلاف نہیں۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو گی توتمام معاملات ان کے سامنے رکھوں گا۔





