فائنل تک رسائی انفرادی نہیں، ٹیم کی اجتماعی محنت کا نتیجہ ہے، بابر اعظم

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے کوالیفائر میں شاندار کارکردگی کے بعد پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے واضح کیا ہے کہ ٹیم کی فائنل تک رسائی کسی ایک کھلاڑی کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔

منگل کو کھیلے گئے اہم میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے با آسانی شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز اسکور کیے، جس میں بابر اعظم کی شاندار سنچری نمایاں رہی۔

انہوں نے 59 گیندوں پر 103 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک انتہائی اہم میچ تھا اور ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے اس گراؤنڈ سے ان کی بہت سی یادیں وابستہ ہیں اور یہاں شائقین کی موجودگی نے میچ کو مزید یادگار بنا دیا۔

بابر اعظم نے اپنی فارم اور کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں اتار چڑھاؤ معمول کی بات ہے اور ہر دن ایک جیسا نہیں ہوتا۔

ان کے مطابق بعض اوقات کھلاڑی اپنی مرضی کے نتائج حاصل نہیں کر پاتے، لیکن وہ مسلسل محنت اور سیکھنے کے عمل پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناکامی کے بعد واپسی کا احساس ہمیشہ حوصلہ بڑھاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنی بیٹنگ کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہیں اور ویڈیوز کے ذریعے اپنی خامیوں کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لنڈی کوتل کا “قیدی” درخت، صدیوں سے زنجیروں میں جکڑا ایک انوکھا واقعہ

بابر اعظم کے مطابق بعض اوقات ایک تکنیکی تبدیلی پورے اندازِ کھیل کو متاثر کر دیتی ہے، اس لیے بہت احتیاط کے ساتھ بہتری لانے کی کوشش کرتے ہیں۔

اپنی حالیہ فارم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کی ہٹنگ پہلے بھی اسی انداز کی تھی، تاہم اب اس کے نتائج زیادہ بہتر سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنی توجہ کرکٹ اور ٹیم کی کامیابی پر رکھتے ہیں۔

بابر اعظم نے واضح کیا کہ پشاور زلمی کی فائنل تک رسائی کسی ایک کھلاڑی کی وجہ سے نہیں بلکہ پوری ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ کہتے ہیں کہ وہ میچ جتواتے نہیں، لیکن وہ ان باتوں پر توجہ دینے کے بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر فوکس رکھتے ہیں۔

کپتان نے مزید کہا کہ ان کے لیے ہر دن ایک نیا موقع ہوتا ہے اور وہ پی ایس ایل سے قبل یہی سوچ لے کر میدان میں اترے تھے کہ سادہ اور قدرتی انداز میں اپنی کرکٹ کھیلنی ہے۔

Scroll to Top