برلن میوزیم میں ارب پتیوں کے چہرے والے طنزیہ روبوٹ ڈاگز نے سب کو حیران کر دیا

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں امریکی آرٹسٹ مائیک ونکل مین نے اپنی نئی اور منفرد آرٹ انسٹالیشن ریگولر اینیملز پیش کر دی ہے، جس میں روبوٹ ڈاگز کو دنیا کی معروف شخصیات کے چہروں کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔

اس نمائش میں ٹیکنالوجی کے ارب پتیوں ایلون مسک، جیف بیزوس اور مارک زکربرگ کے چہروں والے روبوٹ کتے شامل ہیں جبکہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن، معروف فنکار پابلو پکاسو، اینڈی وارہول اور خود آرٹسٹ کا چہرہ بھی ان ماڈلز کا حصہ بنایا گیا ہے۔

آرٹسٹ کے مطابق یہ روبوٹ کتے اپنے ماحول کی تصاویر بناتے ہیں اور انہیں بعض اوقات پرنٹ شدہ شکل میں خارج بھی کرتے ہیں، بعد ازاں ان تصاویر کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے پراسیس کیا جاتا ہے جو انہیں مختلف شخصیات سے منسوب ثقافتی اور فنی انداز میں دوبارہ تشکیل دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: استعمال شدہ امپورٹڈ موبائل فونز کے شوقین افراد کےلیے بری خبر

مائیک ونکل مین نے کہا کہ ماضی میں دنیا کو فنکاروں کی نظر سے دیکھا جاتا تھا مگر آج عالمی منظرنامہ ٹیکنالوجی کے ارب پتیوں کے کنٹرول میں ہے جو الگورتھمز کے ذریعے یہ طے کرتے ہیں کہ لوگ کیا دیکھیں اور کیا نہیں۔

یہ انسٹالیشن اس سے قبل میامی بیچ میں ایک بڑے آرٹ میلے میں پیش کی جا چکی ہے اور اب اسے برلن کے نیشنل گیلری میوزیم میں برلن کے سالانہ آرٹ ویک کے موقع پر نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔

Scroll to Top