محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا کا نادہندہ اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والے مالکان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں متعلقہ حکام کی جانب سے گاڑیوں کے مالکان کو آخری وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق تمام غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے اپنی گاڑیاں فوری طور پر رجسٹرڈ کروائیں۔ اس کے علاوہ جن گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس واجب الادا ہیں، ان کے مالکان کو بھی فوری طور پر بقایاجات جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مہم کے دوران سڑکوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں نادہندہ گاڑیاں ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

محکمہ ایکسائز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ زحمت اور پریشانی سے بچنے کے لیے قانونی تقاضے پورے کریں اور اپنی گاڑیوں کے ٹیکس بروقت جمع کرائیں تاکہ حکومتی ریونیو میں اضافے کے ساتھ ساتھ وہ کسی بھی قانونی پیچیدگی سے محفوظ رہ سکیں۔

Scroll to Top