نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم سے جاری الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
صوبے کے جن علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ان میں چترال، دیر، سوات، صوابی، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، چارسدہ اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔
اس طرح اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔
پنجاب کے علاقوں مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، گجرات، گجرانوالہ، نارووال، منڈی بہاالدین، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال اور اوکاڑہ میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔
سندھ کے مختلف علاقوں بشمول حیدرآباد، کراچی، ماتلی، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص، سجاول، جامشورو اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، ژوب، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، چمن، لورالائی، خضدار، قلات، مستونگ، زیارت، سبی، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، سوراب، حب، گوادر اور کیچ میں بھی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گھانچے، شگر، کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ اور راولاکوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقہ جات میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز پگھلنے سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے اور پرخطر ڈھلوانوں پر قیام سے مکمل اجتناب کریں اور ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب جنوبی علاقوں میں تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث سفری مشکلات بھی پیش آ سکتی ہیں۔





