پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے داخل ہونے پر بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔
اس موسمی صورتحال کے باعث چترال اپر و لوئر، سوات، دیر اپر، کوہستان اپر اور مانسہرہ میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلاف)، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس پر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے، بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھا جائے اور محفوظ انخلائی مراکز کو تیار رکھا جائے۔
مقامی آبادی اور سیاحوں کو ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تاکید کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق عوام پانی کے بہاؤ میں تبدیلی یا پتھروں کی آوازوں کی صورت میں فوری محفوظ جگہ منتقل ہو جائیں اور مویشیوں کو بلند مقامات پر پہنچا دیں۔
این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور دیگر اداروں کو سڑکوں کی ممکنہ بندش سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کا حکم دیا گیا ہے۔ ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کا آپریشن سنٹر فعال ہے اور عوام ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





