بلوچستان کے علاقے چمن پھاٹک کے قریب ایک افسوسناک خودکش دھماکے میں رہائشی آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 14 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے سے قریبی گھروں، ایک پلازہ، پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں اور دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا، دھماکے کے وقت علاقے میں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چمن پھاٹک کوئٹہ ٹرین دھماکہ ، تین ایف سی اہلکار سمیت 14 شہید، بچے اور خواتین بھی شامل
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
علاقے میں فضا سوگوار ہے اور مقامی شہریوں کی جانب سے اس واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔





