کوئٹہ میں دہشتگردی کے خلاف شہریوں کا احتجاج، پاک فوج اور اداروں سے مکمل اظہار یکجہتی، دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ

کوئٹہ میں دہشتگرد عناصر کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دشمن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مظاہرین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم عوام ان سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شہریوں نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں، مزدوروں اور مسافروں کو نشانہ بنانا کھلی سفاکیت اور انسانیت سوز جرم ہے جس کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ، مسافر ٹرین پر حملہ انسانیت، روایات اور قومی اقدار پر حملہ ہے، خون رائیگاں نہیں جائے گا، نوابزادہ جمال خان رئیسانی

مزید کہا گیا کہ بلوچستان کے امن و استحکام کے خلاف ہر سازش کا متحد ہو کر مقابلہ کیا جائے گا اور دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

شہریوں کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ عناصر اپنی مسلسل ناکامیوں کے بعد خوف و ہراس پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کسی صورت دہشتگردی سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

عوام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد، بھائی چارے اور پائیدار امن کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

Scroll to Top