ایران امریکا کشیدگی میں کمی، 86 روز بعد عراق سے پاکستان کیلئے براہِ راست پروازیں بحال

ایران امریکا کشیدگی میں کمی، 86 روز بعد عراق سے پاکستان کیلئے براہِ راست پروازیں بحال

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور خطے میں جنگی صورتحال کے باعث معطل ہونے والی عراق سے پاکستان کی براہِ راست پروازیں 86 دن بعد دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں۔

بغداد سے عراق ائیر کی پہلی پرواز آئی اے 409، 140 مسافروں کو لے کر آج صبح 4 بج کر 53 منٹ پر کراچی پہنچی۔ اس کے بعد کراچی سے عراق ائیر کی پرواز آئی اے 410 صبح 7 بج کر 14 منٹ پر بغداد کے لیے روانہ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اس روٹ کی آخری براہِ راست پرواز 28 فروری کو بغداد سے کراچی پہنچی تھی، جبکہ پرواز آئی اے 409 آخری مرتبہ 15 فروری کو کراچی آئی تھی۔ بعد ازاں 2 اور 3 مئی کو بھی پروازیں شیڈول کی گئی تھیں، تاہم خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث انہیں منسوخ کر دیا گیا تھا۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق ائیر جلد بغداد سے اسلام آباد کے لیے بھی براہِ راست پروازوں کا آغاز کرے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں اور زائرین کی آمدورفت میں مزید سہولت پیدا ہوگی۔

پروازوں کی بحالی کو مسافروں اور زائرین کے لیے بڑی خوشخبری قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس پیشرفت کو خطے میں حالات بہتر ہونے کی علامت بھی سمجھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top